افغان وزارت خارجہ کی کوہاٹ مسجد دھماکے کی شدید مذمت، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت
اسلام آباد: افغانستان کی وزارت خارجہ نے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے تازہ بیان میں کوہاٹ مسجد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل جواز نہیں، ایسے حملے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔