کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد عہدے کا چارج سنبھال لیا، شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح قرار
اسلام آباد: کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ نئے آئی جی اسلام آباد کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
چارج سنبھالنے کے بعد آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بھی مزید بہتری لائی جائے گی۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کیا جائے۔ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے اور فورس کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پولیس فورس ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔