نئے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت، عوام کو محض اعلانات نہیں عملی ریلیف دیا جائے: شہیر حیدر سیالوی
اسلام آباد: پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر سیالوی نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل پٹرول، بجلی، ڈالر اور معیشت سے متعلق کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے، جبکہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے لیے بار بار مذاکرات اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ جاری ہے۔ شہیر حیدر سیالوی نے بڑے صوبوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرکے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف کی سہولیات دہلیز پر مل سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی خاندانوں اور مخصوص گروہوں کی اجارہ داری ختم، میرٹ، شفافیت اور احتساب یقینی بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ریاستی فلاحی منصوبہ ہے، مستحقین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مہنگائی میں کمی، فوری عوامی ریلیف اور سرکاری تعلیمی و صحت کے اداروں کی حالت بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔