حافظ نعیم الرحمن کا 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان، پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ
راولپنڈی میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورتِ دیگر جماعت اسلامی 20 ستمبر کو پرامن اور جمہوری طریقے سے اسلام آباد پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گولی اور گالی پر یقین نہیں رکھتی، تاہم عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے احتجاج جاری رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران پٹرولیم لیوی میں مسلسل اضافہ 25 کروڑ عوام کی توہین ہے۔ حکومت کو فی لیٹر 130 روپے کا اضافی بوجھ ختم کرنا ہوگا، جبکہ عوام سے سالانہ 1567 ارب روپے کی وصولی بھی بند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے نام پر ڈرامہ قبول نہیں، حکومت کو فوری طور پر لیوی میں کمی کرنا ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاہور، پشاور اور کراچی سمیت ملک کے 40 مقامات پر دھرنے جاری ہیں اور روزانہ مزید دھرنوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کنٹینر یا ٹرک لگا کر جماعت اسلامی کا راستہ نہیں روک سکتی، 20 ستمبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔
انہوں نے حکومتی اخراجات اور مراعات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی مجبوریوں کا جواز پیش کرنے کے بجائے حکمران اپنی شاہ خرچیاں ختم کریں۔ مریم نواز کے مبینہ سرکاری طیارے پر لندن کے دورے کے اخراجات کا حساب قوم کے سامنے پیش کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب اور سندھ میں تعلیمی صورتحال پر بھی شدید تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ سرکاری سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کی نجکاری عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ فرسودہ نظام کے خلاف عوامی طوفان رکنے والا نہیں، حکومت اس سے پہلے ہوش کے ناخن لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔