وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چین کے 4 روزہ سرکاری دورے پر روانہ
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئیں، جہاں وہ چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔
روانگی کے موقع پر چین کے قونصل جنرل سن یان نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو الوداع کیا۔
مریم نواز شریف اپنے دورہ چین کے دوران صوبہ شِن جِیانگ کے دارالحکومت ارومچی پہنچیں گی، جہاں چینی حکام کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ارومچی میں شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی اور دورے کے پہلے مرحلے میں اہم سرکاری ملاقاتوں کا آغاز کریں گی۔
دورے کے دوران پنجاب اور چین کے درمیان باہمی تعاون، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کریں گی۔
چار روزہ دورہ چین پنجاب حکومت کے چین کے ساتھ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔