پاک امریکا اقتصادی شراکت داری میں نئی پیش رفت، سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا

پاک امریکا اقتصادی شراکت داری میں نئی پیش رفت، سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا

اسلام آباد: پاک امریکا اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی سہولت کاری سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ایس آئی ایف سی کا دورہ کیا، جہاں حکام کے ساتھ پاک امریکا اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر اہم شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں موجود مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔

امریکی وفد نے کراچی انڈسٹریل پارک اور دیگر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے صنعتی اور مینوفیکچرنگ شعبے میں امریکی کمپنیوں کیلئے دستیاب کاروباری مواقع کو اجاگر کیا گیا۔

ایس آئی ایف سی حکام نے امریکی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار کاروباری ماحول، سہولت کاری اور پالیسی سپورٹ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

ایس آئی ایف سی نے عالمی سرمایہ کاروں کیلئے مؤثر سہولت کاری اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری، پائیدار شراکت داری اور معاشی ترقی کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

حکام کے مطابق پاک امریکا اقتصادی روابط میں وسعت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے پاکستان کی صنعتی ترقی، روزگار کے فروغ اور برآمدی استعداد میں اضافے کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں