صحافی منصور کھوکھر کے گھر پر حملہ، اہل خانہ پر تشدد اور بیٹے کو زخمی کرنے کی مذمت

صحافی منصور کھوکھر کے گھر پر حملہ، اہل خانہ پر تشدد اور بیٹے کو زخمی کرنے کی مذمت

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور گروپ) نے کراچی پریس کلب کے سابق رکن گورننگ باڈی اور سینئر صحافی منصور کھوکھر کے گھر پر حملہ، اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کے بیٹے کو زخمی کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

کے یو جے دستور گروپ کے صدر محمد عارف خان اور جنرل سیکرٹری محسن شبیر سومرو نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صحافی کے گھر پر حملہ اور اہل خانہ پر تشدد انتہائی تشویشناک اور ناقابل قبول ہے۔ صحافی برادری کو اس قسم کے واقعات کے ذریعے خوفزدہ یا دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت سندھ، آئی جی سندھ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے، حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

محمد عارف خان اور محسن شبیر سومرو نے کہا کہ ملزمان کو کسی صورت قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور شفاف تفتیش کے بعد انہیں عدالت کے کٹہرے میں لا کر قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

کے یو جے دستور گروپ نے مطالبہ کیا کہ منصور کھوکھر اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں