اٹک میں غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی، 20 گاڑیاں بند، سلنڈرز اتار دیے گئے
اٹک : ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی ہدایات پر ضلع بھر میں پبلک سروس گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی سلنڈر نصب کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اٹک کے عملے نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 20 گاڑیوں کو بند کردیا، جبکہ گاڑیوں میں غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے نصب کیے گئے ایل پی جی سلنڈرز بھی اتار دیے گئے۔
کارروائی کے دوران محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے بھی تعاون کیا۔ غیر قانونی طور پر نصب ایل پی جی سلنڈرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گاڑیوں سے نکالا گیا۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پبلک سروس گاڑیوں میں غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے ایل پی جی سلنڈرز کی تنصیب مسافروں سمیت دیگر شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، جس کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر نصب کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی قوانین پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خطرناک اور غیر قانونی طریقے سے نصب ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھی جائے اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔