تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کی خبر بے بنیاد ہے، شفیع جان

تحصیل غازی کو وفاق میں شامل کرنے کی خبر بے بنیاد ہے، شفیع جان

پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے تحصیل غازی کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کیے جانے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی خبریں اور جعلی نوٹیفکیشن پھیلانا بعض عناصر کا وتیرہ بن چکا ہے۔

ایک بیان میں شفیع جان نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہوتی ہے، محض ایک جعلی نوٹیفکیشن کے ذریعے خیبرپختونخوا کے کسی علاقے کی آئینی و انتظامی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکومت کو جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کا تحفظ حکومت کی آئینی اور جمہوری ذمہ داری ہے۔ عوام کے مینڈیٹ اور خیبرپختونخوا کی جغرافیائی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحصیل غازی خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور کسی جعلی نوٹیفکیشن سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

شفیع جان نے کہا کہ جس شخص یا عناصر نے جعلی نوٹیفکیشن یا من گھڑت خبر پھیلائی ہے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں