پشاور پریس کلب میں یومِ شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب، شہید ہیڈ کانسٹیبل ریاض الدین خان کو خراجِ عقیدت

پشاور پریس کلب میں یومِ شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب، شہید ہیڈ کانسٹیبل ریاض الدین خان کو خراجِ عقیدت

پشاور: یومِ شہدائے پولیس کے سلسلے میں پشاور پریس کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی سے ہوا، جبکہ ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اس موقع پر پشاور پریس کلب کی حفاظت کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید ہیڈ کانسٹیبل ریاض الدین خان کو خصوصی طور پر یاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ریاض الدین خان نے 2009 میں پشاور پریس کلب پر ہونے والے خودکش حملے کے دوران اپنی جان قربان کر کے فرض شناسی، بہادری اور جرات کی لازوال مثال قائم کی۔

تقریب کے شرکاء نے شہید ریاض الدین خان سمیت پولیس اور سکیورٹی فورسز کے تمام شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کے امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آخر میں شہید ہیڈ کانسٹیبل ریاض الدین خان کے درجات کی بلندی اور تمام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں