برسلز: مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے، یومِ استحصال کشمیر کانفرنس میں مقررین کا عزم

برسلز: مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے، یومِ استحصال کشمیر کانفرنس میں مقررین کا عزم

برسلز (ندیم بٹ ) پانچ اگست کے یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے برسلز میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام کانفرنس یورپی پریس کلب برسلز میں منعقد ہوئی، جس میں دانشوروں، ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس سے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، سفارتخانہ پاکستان بلجیم کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل فیاض اور ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی نے خطاب کیا۔ سفارتخانے کے قونصلر اسد عباس اعوان نے صدر پاکستان جبکہ پریس قونصلر صغیر احمد وٹو نے وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ آزاد کشمیر کے داخلی مسائل کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 اور 5 اگست 2019 جموں و کشمیر کی تاریخ کے اہم واقعات ہیں، جبکہ کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ایک بین الاقوامی تنازع ہے جس کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں سیاسی جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مختلف پابندیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام داخلی مسائل کا حل صبر، باہمی افہام و تفہیم، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے تلاش کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام اور سماجی اتحاد ہی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل فیاض نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیر محض ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ وابستگی، یکجہتی اور عہدِ وفا کا اظہار ہے۔ انہوں نے کشمیری ماؤں، بہنوں اور بچوں کی قربانیوں اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔

فیصل فیاض نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات نے جموں و کشمیر کے تنازع کو ایک نئے اور تشویشناک مرحلے میں داخل کیا۔ کوئی بھی یکطرفہ اقدام جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان پر ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا۔

ورلڈ کشمیر ڈائسپورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا امن، استحکام اور اتحاد پورے کشمیر کاز کے لیے ناگزیر ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاسی ہم آہنگی، عوامی اعتماد اور پرامن ماحول قائم ہوگا تو مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے زیادہ مؤثر اور منظم انداز میں پیش کیا جا سکے گا۔

انہوں نے تمام سیاسی قوتوں، ریاستی اداروں اور عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ ذمہ داری، تحمل اور دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ مفاد کو ترجیح دیں۔

مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح تک پہنچانا اور امن، انصاف اور انسانی وقار کے لیے مثبت کردار ادا کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت پاکستان پریس کلب بلجیم کے صدر چوہدری عمران ثاقب نے کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں