عطاء تارڑ: کوئی مسلم لیگ ن کو خیبر پختونخوا یا پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، سیاست عوام کے درمیان رہنے کا نام ہے

پشاور، 23 ستمبر 2026 — وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی مسلم لیگ (ن) کو خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، سیاست کا مطلب عوام کے درمیان موجود رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کی روایت کو وزیراعظم شہباز شریف آگے بڑھا رہے ہیں۔ ایک طرف ان کے بقول خیبر پختونخوا حکومت اسلام آباد کی طرف چڑھائی اور تباہی و بربادی کی سیاست کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) ریڈیو پاکستان کو بحال، کارکنوں سے رابطے اور صوبے میں مثبت سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کی سیاست کے بجائے عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 14 برس کے دوران صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں اسلام آباد پشاور موٹروے سمیت خیبر پختونخوا میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، جبکہ شہباز شریف کی حکومت صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں قائم دانش اسکولوں کی طرز پر خیبر پختونخوا میں بھی دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) گزشتہ ساڑھے 14 سال سے اپوزیشن میں ہے، اس کے باوجود پارٹی نے ہمت نہیں ہاری۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا تنظیمی دفتر قائم ہونا اس بات کی علامت ہے کہ پارٹی اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ اور ہنگو کی صورتحال خراب ہے جبکہ صوبائی حکومت کے ذمہ داران سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہیں۔ ان کے بقول سیاست کا مطلب عوام کے درمیان رہنا، ان کے مسائل سمجھنا، شہداء کے گھروں میں جانا اور زخمیوں سے ملاقات کرنا ہے، محض سوشل میڈیا پر سرگرمیاں دکھانا سیاست نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے دورہ خیبر پختونخوا کے حوالے سے بریف کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کوہاٹ میں کارکنوں اور ساتھیوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ اکوڑہ خٹک کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جب بھی خیبر پختونخوا میں خدمت کا موقع ملا، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان، لیپ ٹاپ، اسکول، کالجز، ہسپتال اور جامعات کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ بھی خیبر پختونخوا آتی رہے گی اور کارکنوں و ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل پر بات کرے گی۔ وزارت اطلاعات کے تحت ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو سیاسی میدان میں کی جائے اور مقابلہ کیا جائے، خیبر پختونخوا اور پشاور کے عوام کو بتایا جائے کہ گزشتہ ساڑھے 14 برس کے دوران صوبے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

تقریب میں سابق گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان، ارکان صوبائی اسمبلی جلال خان اور طارق خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

تعزیت: اس سے قبل عطاء اللہ تارڑ نے سابق سینیٹر تاج محمد آفریدی اور الحاج جنت شیر آفریدی کے انتقال پر شاہ جی گل آفریدی کی رہائش گاہ پہنچ کر فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کی سماجی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں