کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 13 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں 6 دہشتگرد مارے گئے، سب انسپکٹر محمد جمیل شہید

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 13 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں 6 دہشتگرد مارے گئے، سب انسپکٹر محمد جمیل شہید

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شبان میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے شبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کلیئر کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر پیشگی کارروائیاں کیں، جن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ سبیدار محمد جمیل نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید سبیدار محمد جمیل کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشتگردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں