پشاور: علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، مراعات بل کی مخالفت
پشاور: خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے متعلق قانون پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جن اراکین کو بلیو پاسپورٹ سمیت دیگر مراعات درکار ہیں، ان کے نام عوام کے سامنے آنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور موجودہ سخت معاشی حالات میں اگر کوئی تنخواہوں میں اضافے کا حامی ہے تو اس کی نشاندہی ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق وہ یہ بات پارٹی کے پارلیمانی گروپ میں بھی اٹھا رہے ہیں اور ضرورت پڑی تو عوامی سطح پر بھی کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بطور وزیراعلیٰ انہیں بجٹ اجلاس کے دوران بھی تنخواہوں میں زیادہ اضافے سے گریز کرنے کا کہا گیا تھا کیونکہ اس پر عوامی تنقید ہوگی۔
مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں بھی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم بانی پاکستان تحریک انصاف نے اسے پارٹی کے نظریے کے خلاف قرار دیتے ہوئے روک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چند افراد کے فیصلوں کی وجہ سے پوری اسمبلی اور تمام اراکین تنقید کی زد میں آ جاتے ہیں، اس لیے اس معاملے پر کھل کر بات ہونا ضروری ہے۔
نوٹ: یہ خبر ایک مبینہ آڈیو پر مبنی ہے۔ آڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ اس حوالے سے متعلقہ فریقین کا باضابطہ مؤقف بھی سامنے نہیں آیا۔