ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے عارضی مشترکہ نیوی گیشن راہداری قائم کرنے پر اتفاق کرلیا۔

آبنائے ہرمز میں عارضی مشترکہ بحری راہداری پر ایران اور عمان کا اتفاق

تہران: ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے عارضی مشترکہ نیوی گیشن راہداری قائم کرنے پر اتفاق کرلیا۔

عمانی وزارت خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے ایران کا ورکنگ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے تفصیلی مشاورت کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز میں محفوظ نیوی گیشن کی بحالی، خودمختاری اور ساحلی ریاستوں کے خودمختار حقوق کے احترام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مشترکہ بیان کے مطابق مجوزہ فریم ورک کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے عارضی مشترکہ بحری راہداری قائم کی جائے گی، جبکہ آبنائے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔

ایران اور عمان کے درمیان مستقل بحری راہداری، آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام، معلومات کے تبادلے، بحری ٹریفک مینجمنٹ اور نیوی گیشنل و سکیورٹی خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار پر تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے۔

دونوں ممالک نے خلیجی ممالک کے ساتھ مشترکہ مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا اور قابل اطلاق بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور ساحلی ریاستوں کے خودمختار حقوق کے احترام پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک رابطہ

تہران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں سکیورٹی اور استحکام سے متعلق تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

گفتگو میں خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے مسلسل مشاورت اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یہ رابطہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ایران کے اہم دورے کے ایک روز بعد ہوا ہے۔

ادھر اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹالی بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام، پاک امریکا تعاون، پولیس افسران کے باہمی تربیتی پروگرامز اور منظم جرائم، منشیات و انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن و استحکام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں