مظفراباد
05 جون 2026
آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کے لیے باضابطہ انتخابی شیڈول جاری کر دیاہے۔الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کے تمام حلقوں میں انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے۔امیدوار 9 جون سے 19 جون 2026 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرا سکیں گے۔کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون 2026 کو کی جائے گی اسی روز درست نامزدگیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون 2026 تک الیکشن کمیشن میں دائر کی جا سکیں گی۔اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون 2026 کو ہوگی جبکہ ان پر حتمی فیصلے 28 سے 29 جون 2026 کے دوران سنائے جائیں گے۔امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی فہرست یکم جولائی 2026 کو شائع کی جائے گی انتخابی نشانات 2 جولائی 2026 کو الاٹ کیے جائیں گے۔اسی روز امیدواروں اور ان کے انتخابی نشانات کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔