گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب جہاں 120 مستحق بچیوں کو رخصت کیا گیا

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی پروگرام معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی مستحق بچی شادی سے محروم نہ رہے،انہوں نے اعلان کیا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرکے اجتماعی شادیوں کے ایک اور بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ آئندہ مرحلے میں 500 اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں 120 مستحق بچیوں کو رخصت کیا گیا، گورنر پنجاب نے تقریب کے چیف آرگنائزر ملک کامران خاکی کو کامیاب اور شاندار انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے 35 شادیوں کا اہتمام کیا تھا اور پھر اعلان کیا گیا تھا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل 100 شادیوں کا ہدف پورا کیا جائے گا، تاہم آج 120 بچیوں کو رخصت کرکے ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے،گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ان تمام بچیوں کو اپنی بیٹیوں کی طرح سمجھتے ہیں اور ان کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں،انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات نے اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انہیں اس مقصد کے لیے کروڑوں روپے کا تعاون فراہم کیا، انہوں نے اپنے صاحبزادے سردار فیضان حیدر کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا جنہوں نے سلامی اور دیگر انتظامات میں ان کا بھرپور ساتھ دیا،انہوں نے کہا کہ ان کی جیب آج بھی خالی ہے مگر دل عوام کی خدمت کے جذبے سے بھرا ہوا ہے، وہ جہاں بھی ہوں گے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے،ان کی ٹیم نے اجتماعی شادیوں کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی اور آئندہ مرحلے میں ٹیم کے اراکین دس، دس شادیوں کے اخراجات برداشت کریں گے،وہ اکیلے کچھ نہیں کر سکتے،اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے انہیں مزید عوامی تعاون درکار ہے، اگرچہ وہ مہنگائی کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکتے،تاہم عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے، اٹک میں ڈائیلاسز سنٹر اور تھیلیسیمیا سنٹر قائم کیے جا چکے ہیں جہاں مریضوں سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا جاتا،انہوں نے اعلان کیا کہ تحصیل جنڈ میں جدید زچہ و بچہ سنٹر قائم کیا جائے گا جبکہ مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے، حسن ابدال اور فتح جنگ سے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا جا چکا ہے تاکہ عوام کو جدید اور سستی سفری سہولیات میسر آسکیں، گورنر پنجاب نے کہا کہ ان کا عہدہ عوام کی امانت ہے اور وہ اس امانت کو دیانتداری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھاتے رہیں گے،تقریب میں سی ای او شمع گروپ انٹرنیشنل،چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال آف تاجا بارا، سردار فیضان حیدر، ملک شیر خان سدریال، ملک ریاست سدریال،پیرعباس محی الدین مکھڈ شریف، سردار اشعر حیات خان، ملک زمرد خان، پیر نجیب سلطان باہو، سید عاطف شاہ گیلانی، پیر شمس الدین شمس گیلانی گولڑہ شریف ، سردار محمد علی، سردار احسن خان، کیپٹن فقیر خٹک، رفعت حیات خان، ملک امانت خان راول، نصیر جدون، حاجی اختر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں