فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (عسکری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے آج کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور تدریسی عملے سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، علمی گہرائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ ہمیشہ سے عسکری تربیت میں امتیازی حیثیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ وابستگی کے باعث نمایاں مقام حاصل کرتے رہے ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے جدید جنگ کی تیزی سے بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، کثیر الجہتی عسکری کارروائیوں، تینوں افواج کے باہمی اشتراک اور مستقبل کے میدانِ جنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنی افواج کو مسلسل تربیت دیتے رہیں تاکہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے اور پیشہ ورانہ معیار، تیاری اور عملی برتری برقرار رکھی جا سکے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مقدر میں لکھی گئی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈا، جھوٹی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی پیش رفت کو پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوششیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔
بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ طویل المدتی ترقی عوامی مرکزیت، جامع ترقیاتی عمل، بہتر طرزِ حکمرانی اور سیکیورٹی اقدامات کے باہمی امتزاج سے ممکن ہے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی عوامی فلاح، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور پیشہ ورانہ وابستگی کی بھی تعریف کی۔
قبل ازیں کوئٹہ آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔