پشاور: انسانی اسمگلنگ کے خلاف آگاہی سیشن کا انعقاد

پشاور: انسانی اسمگلنگ کے خلاف آگاہی سیشن کا انعقاد
پشاور میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے پشاور زون نے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ کے ماتحت قائم مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان کے اشتراک سے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گلبہار میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم آگاہی سیشن منعقد کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد بلال نے شرکاء کو تفصیلی لیکچر دیتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات، اس کے قانونی پہلوؤں اور اس سے بچاؤ کے مؤثر طریقوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے غیر قانونی ہجرت کے سنگین نتائج سے بھی آگاہ کیا، جن میں دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات، مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیاں شامل ہیں۔
لیکچر کے دوران طلبہ اور دیگر شرکاء کو بتایا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش نہ صرف خطرناک ہے بلکہ اس کے نتیجے میں انسانی استحصال کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سیشن کے اختتام پر شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کا سدباب ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں