جابہ، مانسہرہ میں ماں اور کمسن بچی کا بہیمانہ قتل – پولیس کی بروقت کارروائی، دو ملزمان گرفتار

*جابہ، مانسہرہ میں ماں اور کمسن بچی کا بہیمانہ قتل – پولیس کی بروقت کارروائی، دو ملزمان گرفتار*

مانسہرہ – تھانہ صدر کی حدود جابہ میں جمعہ کے روز ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون مسماة (ر) کو اس کی سولہ ماہ کی بیٹی سمیت مبینہ طور پر اس کے اپنے گھر میں قتل کر دیا گیا۔ واقعہ جمعہ کی نماز کے وقت پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے واقع کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اومانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کو فوری اور سخت کاروائی کے احکامات جاری کیے جس پر ڈی پی او مانسہرہ کی زیر نگرانی ایس پی سٹی ، ایس پی انویسٹیگیشن ، ڈی ایس پی سٹی ، ایس ایچ او تھانہ صدر اور دیگر سینیئر پولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، تا کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کی جا سکے اور انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

سپیشل انویسٹیگیشن ٹیم نے جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اور دن رات مسلسل سرچ آپریشنز کے بعد کامیابی سے واقعے میں ملوث دو اہم ملزمان وصی شاہ ولد واجد شاہ اور عبد الرزاق شاہ ولد افسر شاہ سکنان جابہ کو گرفتار کر لیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی پورے علاقے میں سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے حصوصی تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تفتیش میں ہر پہلو کو باریک بینی سے دیکھا جائے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔

مانسہرہ پولیس اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے اور ایسے سفاکانہ واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں