ماضی گواہ ہے ملک میں عدلیہ اور احتساب کے ادارے طاقتور کرپٹ حکمرانوں کا احتساب نہیں کرسکے، اب یہ فریضہ عوام ووٹ کی طاقت سے ادا کریں، آزمودہ پارٹیاں مسلط رہیں تو ملک میں ترقی، خوشحالی خواب بن جائے گی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملتان میں جے آئی یوتھ الیکشن مہم کے افتتاح کے موقع پر نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خاندانوں، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی بجائے میرٹ کی حکمرانی چاہتے ہیں تو 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک انہی پارٹیوں نے تباہ کیا جنہوں نے باربار حکومتیں کیں، اگرسراج الحق وزیراعظم رہا ہے تو اس کا احتساب کیا جائے ورنہ قوم الیکشن میں سابقہ حکمرانوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں اور ووٹنگ ڈے کو ان کے لیے یوم حساب بنا دیں، ماضی گواہ ہے ملک میں عدلیہ اور احتساب کے ادارے طاقتور کرپٹ حکمرانوں کا احتساب نہیں کرسکے، اب یہ فریضہ عوام ووٹ کی طاقت سے ادا کریں، آزمودہ پارٹیاں مسلط رہیں تو ملک میں ترقی، خوشحالی خواب بن جائے گی، 76برسوں سے قائم سٹیٹس کو توڑے بغیر کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل حاصل نہیں ہوسکے گی، نوجوان ہی قوم کی واحد امید ہیں، یہی عوام کو فرسودہ نظام سے چھٹکارا دلوا سکتے ہیں، جماعت اسلامی یوتھ کے لیے جدوجہد کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔
امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کی ملک گیر الیکشن کمپین کے آغاز پر قوم کو پیغام دیا کہ اگرچہ ملک مسائل میں گھرا ہوا ہے، آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے، مہنگائی نے غریبوں کی کمر توڑ دی ہے، نوجوان بے روزگار ہیں، لیکن ان سب مشکلات کے باوجود مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملک وسائل سے مالا مال ہے جہاں 65فیصد باصلاحیت نوجوان ہیں، اسے بس ایسی اہل اور ایماندار قیادت چاہیے جو وسائل کا رخ اشرافیہ کی بجائے ملک کے حقیقی وارثان عوام کی طرف موڑ دے، جو میرٹ کی بالادستی قائم کرے،سودی معیشت کا خاتمہ کرکے ملک میں زکوٰۃ وعشر کا نظام رائج کرے اور انصاف اور قانون کی بالادستی نافذ کرکے جمہوریت کو مضبوط کردے، ایسی قیادت کے لیے قوم کے پاس جماعت اسلامی ہی کا آپشن موجودہے۔
انتخابی کمپیئن کے آغاز کے موقع پر صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ بعدازاں سراج الحق نے ملتان میں ہی حلقہ این اے 149، پی پی 215 اور 216میں انتخابی کنونشن سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر، سیکرٹری جنرل پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی، امیرضلع اور امیدوار این اے 149ڈاکٹر صفدر ہاشمی، امیدوار پی پی 215 میاں آصف اخوانی اور امیدوار پی پی 216حافظ اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کبھی ایک تو کبھی دوسرا لاڈلہ قوم پر مسلط کیا، 8فروری کو لاڈلوں کا دور ختم ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، آج ملک میں ڈگری ہولڈرز نوجوان چوکوں چوراہوں پر مزدوری کی تلاش میں بیٹھے ہیں، ہزاروں مایوس ہو کر بیرون ملک جا رہے ہیں، غریب کے لیے ہسپتالوں میں علاج نہیں، تعلیمی نظام فرسودہ ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،مضر صحت پانی پینے سے لاکھوں جان لیوا بیماریوں کا شکار ہیں، نصف سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، معیشت تباہ ہو چکی ہے، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، آئی ایم ایف کی پالیسیاں چل رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے ان حالات کے ذمہ دار ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں کی حکومتیں ہیں، ان حکمران طبقات نے قوم کا مستقبل تباہ کیا، اپنی جائدادیں بنائیں اور عوام سے روٹی کا نوالا تک چھین لیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی قیادت کر سکتا ہے، یہ ایک ایٹمی اسلامی ملک ہے جس میں زرخیز زمینیں، چار موسم، وسیع ساحل اور معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، مگر کرپٹ حکمران اشرافیہ کے ہوتے ہوئے بہتری ممکن نہیں، یہ لوگ آیندہ بھی مسلط رہے تو عوام کی تقدیر نہیں بدلے گی، مافیاز کا راج قائم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکمران جماعتوں کی پالیسیاں ایک ہیں، یہ مفادات کے لیے ایک دوسرے سے الجھتے ہیں، انھیں عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں، حکمرانوں نے قوم کو تعصبات پر تقسیم کیا، یہ امریکا کے خوف سے اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک لفظ نہیں بولے، انھوں نے کشمیر کا سودا کیا، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا، یہ خود ایکڑوں پر محیط سرکاری محلات میں رہایش پذیر ہیں، سرکاری پروٹوکول اور سیکیورٹی میں گھومتے ہیں اور عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ آج ایک نہیں دو پاکستان ہیں، وسائل پر دوفیصد اشرافیہ قابض ہے اور بنیادی ضروریات سے محروم 25کروڑ عوام ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ججز کے ہاتھ میں قرآن کریم تھمائے گی، نوجوانوں کو روزگار دیں گے، انھیں سرکاری زرعی زمینیں دی جائیں گی، قوم کے نوجوان اٹھ کھڑے ہوں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ان شاء اللہ ہم سب کا مستقبل محفوظ ہو گا۔
جاری کردہ
شعبہ نشرو اشاعت جماعت اسلامی پاکستان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں