اسلام آباد کے ایف ٹین ون میں کمسن بچہ خون آلود حالت میں سڑک کنارے مل گیا، گردن اور ہاتھوں پر زخم، شہریوں نے ریسکیو 1122 کے حوالے کردیا۔
اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین ون، احمد فراز روڈ پر گزشتہ روز شام ایک کمسن بچہ زخمی حالت میں سڑک کنارے بیٹھا پایا گیا۔ راہگیروں کے مطابق بچے کے کپڑے خون آلود تھے جبکہ گردن اور ہاتھوں پر زخموں کے نشانات موجود تھے۔
شہریوں نے فوری طور پر بچے کو سنبھالا اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دے کر اس کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق بچے نے شہریوں کو بتایا کہ وہ مہر آباد، گولڑہ شریف کے علاقے سے آیا ہے اور اسے ایک قریبی رشتہ دار لکڑیاں لینے کے بہانے یہاں لایا تھا، جہاں مبینہ طور پر اس پر چھری سے حملہ کیا گیا۔
واقعے کے حوالے سے پولیس اور متعلقہ اداروں سے فوری، شفاف تحقیقات، بچے کی شناخت اور تحفظ یقینی بنانے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تاحال بچے کی موجودہ حالت، واقعے کی اصل وجوہات اور پولیس کی جانب سے کسی باضابطہ کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور بچے کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔