اسلام آباد میں شیشہ کیفوں کے خلاف مڈ نائٹ آپریشن، تین معروف کیفے سیل، ای الیون کے دیگر مقامات پر مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شیشہ کیفوں اور مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث کاروباری مراکز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر شالیمار سید محمد علی نے رات گئے مڈ نائٹ آپریشن کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور مبینہ خلاف ورزیوں پر تین معروف کیفے جنگل لاؤنج، پینٹ ہاؤس اور بادشاہ کیفے کو سیل کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ شیشہ نوشی اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث کیفوں اور لاؤنجز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔
دوسری جانب سیکٹر ای الیون ٹو میں واقع مبینہ انڈور شیشہ سینٹر دی جنگل لاؤنج سمیت امپیریل پلازہ اور کیلیفورنیا پلازہ میں مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی متعدد سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دی جنگل لاؤنج میں مبینہ طور پر شیشہ نوشی اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیشہ فروشی کی تشہیر کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بعض اوقات عمارت کی بیرونی روشنیاں بند کرکے اندر سرگرمیاں جاری رکھی جاتی ہیں جبکہ داخلی راستے پر ایک شخص تعینات ہوتا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے۔
اسی طرح امپیریل پلازہ کے مختلف فلورز اور کیلیفورنیا پلازہ میں مبینہ نجی پارٹیوں اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد سے متعلق بھی شکایات سامنے آئی ہیں، جن کی نوعیت اور قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
ان شکایات کے بعد متعلقہ تھانہ پولیس، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ان مقامات پر قانون کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی کیوں نظر نہیں آ رہی؟
اسلام آباد ہائی کورٹ میں غیرقانونی شیشہ کیفوں سے متعلق سامنے آنے والے مؤقف کے تناظر میں بھی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام مشتبہ مقامات کے کاروباری لائسنس، اجازت ناموں اور دیگر قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے، جبکہ دستیاب سی سی ٹی وی ریکارڈ کا جائزہ لے کر الزامات کی حقیقت سامنے لائی جائے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دی جنگل لاؤنج، امپیریل پلازہ اور کیلیفورنیا پلازہ سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
تاحال ان مخصوص الزامات پر متعلقہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تحقیقات شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوں تاکہ اسلام آباد میں قانون کی یکساں عمل داری یقینی بنائی جا سکے۔