پاکستان اور شام کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون ضروری ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
استنبول میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی شام کے وزیر اوقاف ڈاکٹر ابوالخیر شکری سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور شام کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مسلم ممالک کی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جماعت اسلامی کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شام اسلامی تہذیب اور تاریخ کا اہم مرکز ہے اور پاکستانی عوام کے دلوں میں شامی عوام کے لیے محبت موجود ہے۔ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے دفاع اور سلامتی کے لیے باہمی دفاعی تعاون کے معاہدے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے بقول اسرائیل تمام مسلم ممالک کا مشترکہ دشمن ہے اور خطے کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
شام کے وزیر اوقاف ڈاکٹر ابوالخیر شکری نے جماعت اسلامی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے معاہدے کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے حافظ نعیم الرحمٰن کو شام کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔
دریں اثنا استنبول میں منعقدہ اتحاد العالمی لعلماء المسلمین کی وحدتِ امت کانفرنس میں شریک مختلف مسلم ممالک کے علماء اور مفکرین نے بھی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کرنے والی اہم شخصیات میں اتحاد العالمی کے سربراہ شیخ علی محمد الدین قرہ داغی، سوڈان کے شیخ عصام البشیر، لیبیا کے شیخ علی الصلابی، تیونس کے ڈاکٹر عبدالحمید نجار، ترکیہ کے ڈاکٹر علی ارباش، اردن کے شیخ ہمام سعید، فلسطین کے منیر سعید، لبنان کے ڈاکٹر عزام ایوبی، موریطانیہ کے شیخ سید الحاج اور ملائیشیا کے ڈاکٹر بدلی شاہ سمیت امریکہ، جنوبی افریقہ، یمن، بھارت، سری لنکا اور نیپال کی اہم شخصیات شامل تھیں۔
ملاقاتوں میں امت مسلمہ کے اتحاد، مسلم ممالک کے باہمی تعلقات اور مشترکہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔