شادی کی تقریب میں مبینہ فحش ڈانس پر پولیس کا چھاپہ، دولہے اور تین رقاصاؤں سمیت 35 افراد گرفتار، ایک لاکھ 95 ہزار 500 روپے برآمد

اٹک: شادی کی تقریب میں مبینہ فحش ڈانس پر پولیس کا چھاپہ، دولہے اور تین رقاصاؤں سمیت 35 افراد گرفتار، ایک لاکھ 95 ہزار 500 روپے برآمد

اٹک کے علاقے پنڈی گھیب میں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ فحش ڈانس اور فحش گانوں پر رقص کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دولہے اور تین رقاصاؤں سمیت 35 افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پنڈی گھیب تیمور خان علی زئی کو اطلاع ملی کہ کالج چوک کے قریب نعمان احمد ولد عرفان احمد کی شادی کی تقریب میں فحش گانوں پر رقص جاری ہے، جبکہ شرکاء رقاصاؤں پر رقم نچھاور کر رہے ہیں۔

اطلاع ملنے پر انچارج پولیس چوکی سٹی پنڈی گھیب سب انسپکٹر احمد فہیم ظفر کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے چھاپہ مار کر دولہے نعمان احمد سمیت 32 مردوں اور تین رقاصاؤں کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار افراد میں پنڈی گھیب کے علاوہ ضلع راولپنڈی، قصور اور لاہور سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس نے تقریب کے دوران نچھاور کی گئی ایک لاکھ 95 ہزار 500 روپے کی رقم بھی قبضے میں لے لی۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فحش حرکات، فحش گانوں، پنجاب میرج ایکٹ اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں