نیشنل پریس کلب اور الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

نیشنل پریس کلب اور الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کا ماہر ڈاکٹروں سے مفت طبی معائنہ، مفت ادویات کی فراہمی

اسلام آباد (پریس ریلیز) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے اشتراک سے صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔ کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے طب سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہونے والا فری میڈیکل کیمپ صبح 11 بجے سے چاربجے تک جاری رہا۔ کیمپ کا انعقادنیشنل پریس کلب کےتحت اور الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیرِ نگرانی کیا گیا، جس کا مقصد صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج معالجے میں معاونت فراہم کرنا تھا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پنجاب کے صدرڈاکٹر عدیل افتخار اعوان سمیت درجنوں ڈاکٹروں کی خدمات پیش کیں۔ کیمپ میں سکن اسپیشلسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، فزیوتھراپسٹ، گائناکولوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ، ڈینٹل سرجن، آئی اسپیشلسٹ اور جنرل فزیشن شامل تھے، جنہوں نے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا، انہیں طبی مشورے دیے اور ضرورت کے مطابق مفت ادویات فراہم کیں۔
کیمپ میں بچوں، خواتین، جلد، دانتوں، آنکھوں اور دیگر طبی مسائل کے حوالے سے خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہلِ خانہ نے اس موقع سے بھرپور استفادہ کیا اور ایک ہی مقام پر مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی اور مفت ادویات کی فراہمی کو سراہا۔
فری میڈیکل کیمپ میں نیشنل پریس کلب کے سینئر نائب صدر احتشام الحق، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، عون شیرازی، ممبران گورننگ باڈی عامر بٹ اور محمد عاصم جیلانی، آر آئی یو جے کے سیکرٹری بشیر عثمانی سابق ممبرز گورننگ باڈی نوید شیخ ،جعفر بلتی سمیت دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
نیشنل پریس کلب کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے کوآرڈینیٹرفنانس سیکرٹری عابد عباسی اور ممبر گورننگ باڈی محمد عاصم جیلانی تھے، جنہوں نے کیمپ کے انعقاد اور انتظامی امور میں رابطہ کاری کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس موقع پر صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
شرکاء نے اس اقدام کو صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قابلِ تحسین کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے میں عوامی مسائل اجاگر کرنے اور لوگوں کو باخبر رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم مصروف پیشہ ورانہ معمولات کے باعث اکثر انہیں اپنی صحت پر مناسب توجہ دینے کا موقع نہیں ملتا۔ ایسے میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مفت طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی ایک مثبت اور قابلِ قدر اقدام ہے۔
الفلاح فاونڈیشن پنجاب کے صدر ڈاکٹرعدیل اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ راولپنڈی کے صدر محمد ارشد،اسلام آباد کےصاحب مجاز ڈاکٹر منیر نے کہا کہ صحافی برادری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے اس نوعیت کی فلاحی اور طبی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ صحافیوں کو صحت کی سہولیات کے حصول میں مزید معاونت مل سکے۔
یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان عرصہ دراز سے ملک بھر میں فلاحی، طبی اور انسانی خدمت کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مفت طبی معائنے، ماہر ڈاکٹروں سے مشاورت اور ادویات کی فراہمی جیسی سہولیات میسر آئیں۔ اس اقدام کو صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور انسانی خدمت کے جذبے کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں