پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے لیبر روم سے اغوا نومولود نوشہرہ سے بازیاب، خاتون ملزمہ گرفتار
پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے لیبر روم سے نومولود بچے کے اغوا کا معاملہ پولیس نے حل کرلیا، بچے کو بحفاظت نوشہرہ سے بازیاب کرکے خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی سٹی شاہد عدنان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ واقعے کا سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے نومولود کی بحفاظت بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔
پولیس کے مطابق ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاتون کو بچے کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ملزمہ نے رکشے اور ٹیکسی کا استعمال کیا۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے خاتون کی گاڑی کو ٹریس کیا گیا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرکے بچے کو نوشہرہ سے بازیاب کرلیا گیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے بتایا کہ اس کی اپنی کوئی اولاد نہیں تھی، جس کے باعث اس نے نومولود کو اغوا کیا۔ ملزمہ کے مطابق اس نے بچے کی خالہ اور ہسپتال کی دائی کو بھی پیسے دیے تھے۔
پولیس نے ہسپتال کے عملے کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔