فیصل مسجد کے پچھلے دروازے سے داخلے کی مبینہ کوشش، ایک مشتبہ شخص گرفتار، دو فرار
اسلام آباد: تھانہ مارگلہ کی حدود میں فیصل مسجد کے قریب تین مشتبہ افراد کی مسجد کے پچھلے حصے میں واقع بند دروازے سے اندر داخل ہونے کی مبینہ کوشش پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو افراد فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کالر طحہٰ نے پولیس کو اطلاع دی کہ تین مشکوک افراد فیصل مسجد کے پچھلے حصے میں موجود بند دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس نے گرفتار شخص کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ فرار ہونے والے دونوں افراد کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ افراد کے مسجد میں داخل ہونے کی مبینہ کوشش کے مقصد اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد فیصل مسجد اور اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ فرار افراد کی گرفتاری کے لیے قریبی علاقوں اور ممکنہ راستوں پر بھی تلاش جاری ہے۔