خیبر پختونخوا میں بڑھتی دہشتگردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔