حمزہ شہباز شریف کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، جدید ڈیجیٹل ابلاغی اقدامات کو سراہا

حمزہ شہباز شریف کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ، جدید ڈیجیٹل ابلاغی اقدامات کو سراہا

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور جاری امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام بھی ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک بروقت معلومات کی رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اور قومی بیانیہ دنیا بھر تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن شعبے میں جاری اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی لائق تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے عوامی رابطے اور مؤثر ابلاغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی وی ڈیجیٹل کے ذریعے مواد کی ڈیجیٹل رسائی کو مزید وسعت دینے کے امور بھی زیر غور آئے۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں