یومِ آزادی پر اسلام آباد پولیس کا جامع سکیورٹی پلان آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی 4 ہزار سے زائد افسرجوان سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی دیں گے بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی
یومِ آزادی پر اسلام آباد پولیس کا جامع سکیورٹی پلان
اسلام آباد پولیس نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اسے قومی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد پولیس کے 4 ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، تفریحی اور حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ قانون شکنی، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ جشنِ آزادی کی خوشیاں کسی دوسرے شہری کے لیے پریشانی یا خطرے کا باعث نہیں بننی چاہئیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس سے تعاون کریں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پارکوں اور تفریحی مقامات پر فیملیز اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس پُرامن جشنِ آزادی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ شہری خوشیاں ضرور منائیں، تاہم قانون کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وطن، قوم اور بہادر افواجِ پاکستان پر فخر ہے، آزادی کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس تاریخی دن پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی یا ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں شہری پکار 15، 1915، 1715 اور 1815 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔