بنی گالا میں مبینہ پولیس چھاپہ، توڑ پھوڑ اور گاڑیاں اٹھانے کے خلاف بیرسٹر عباد عباسی کی تیسری رٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج سماعت

بنی گالا میں مبینہ پولیس چھاپہ، توڑ پھوڑ اور گاڑیاں اٹھانے کے خلاف بیرسٹر عباد عباسی کی تیسری رٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج سماعت

اسلام آباد: بنی گالا میں بیرسٹر عباد عباسی کی رہائش گاہ پر مبینہ غیر قانونی کارروائی، توڑ پھوڑ اور قیمتی گاڑیاں اٹھائے جانے کے خلاف دائر تیسری رٹ پٹیشن کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف بیرسٹر عباد عباسی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی اور مبینہ طور پر کیے گئے اقدامات کا قانونی جائزہ لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

بیرسٹر عباد عباسی اس سے قبل بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو رٹ پٹیشنز دائر کرچکے ہیں، جن میں آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس پی صدر زون خالد محمود اعوان، ایس ایچ او تھانہ شالیمار، تحصیلدار موہڑہ نور علی جاوید، گرداور مسکین، پٹواری عباس اور پٹوار خانہ کے عملے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار موضع موہڑہ نور میں 217 کنال 12 مرلہ آبائی اراضی کے مالک ہیں اور وہ اپنی زمین فروخت نہیں کرنا چاہتے۔

پٹیشن کے مطابق سی ڈی اے اور ڈی ایچ اے کے مبینہ جوائنٹ وینچر مارگلہ انکلیو کے لیے درخواست گزار کی زمین حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم انکار کے بعد پولیس اور محکمہ مال کے بعض افسران کی جانب سے درخواست گزار اور ان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پہلے دائر کی گئی دونوں درخواستوں میں ایسے اقدامات سے روکا تھا اور درخواست گزار سمیت اہل خانہ کو مبینہ ہراساں کرنے سے متعلق احکامات جاری کیے تھے۔

تاہم بیرسٹر عباد عباسی کا الزام ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود رات کے وقت اسلام آباد پولیس بھاری مشینری کے ہمراہ ان کی بنی گالا رہائش گاہ پر پہنچی، جہاں مبینہ طور پر گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور قیمتی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھایا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق بعض گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھانے کے دوران نقصان پہنچا، جس کے بعد انہیں ٹریلرز پر لاد کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

مبینہ پولیس کارروائی اور دیگر اقدامات کے خلاف بیرسٹر عباد عباسی نے اب تیسری رٹ پٹیشن دائر کردی ہے، جس کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محمد آصف کریں گے۔

سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے جواب طلب کیے جانے اور معاملے پر عدالت کی جانب سے سخت ریمارکس یا قانونی کارروائی کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

تاہم پولیس اور دیگر فریقین کا مؤقف عدالت میں سامنے آنے کے بعد ہی معاملے کی مکمل قانونی اور حقائق پر مبنی تصویر واضح ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں