اٹک میں یومِ شہدائے پولیس، یادگارِ شہداء پر سلامی، پھولوں کی چادریں، قرآن خوانی اور خصوصی تقریب

اٹک میں یومِ شہدائے پولیس، یادگارِ شہداء پر سلامی، پھولوں کی چادریں، قرآن خوانی اور خصوصی تقریب

اٹک (ندیم رضا خان)یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اٹک پولیس کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پولیس افسران و اہلکاروں، شہداء کے اہل خانہ، ضلعی انتظامیہ، عدلیہ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریبات میں اٹک پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک ملک علی ذوالقرنین، ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ، ڈی پی او سردار موارہن خان، پولیس افسران، شہدائے اٹک پولیس کے اہل خانہ، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔

اس موقع پر اٹک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی، وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

بعد ازاں تاج محل مارکی اٹک میں پولیس کے زیر اہتمام پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈی پی او سردار موارہن خان، ایس پی انویسٹی گیشن زینب ایوب، شہدائے پولیس کے اہل خانہ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور ہدیہ نعت سے ہوا، جس کے بعد شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ڈی پی او سردار موارہن خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں۔ اٹک پولیس کے 24 شہداء افسران و جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اٹک پولیس اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہل خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی عزت، تکریم اور فلاح و بہبود اٹک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔

تقریب کے دوران شہداء کی فیملیز اور بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ انہیں پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے۔ شہداء کے اہل خانہ کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں شہید کانسٹیبلان ملک حماد، محمد اعجاز، افریز خان، مختیار احمد، محمد افتخار خان، امیر افضل، زاہد علی شاہ، عابد علی، آصف محمود، محمد عمران، واصف خان، بلال احمد، محمد فیضان، محمد سہیل، عاصم نثار، ظہیر عباس، قدیر خان اور محمد انور جبکہ سب انسپکٹرز محمد اکرم خان، عطاء اللہ اور محمد رمضان سمیت دیگر شہداء کے ورثاء میں تحائف اور پھولوں کے گلدستے تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن اٹک شہزاد نیاز کھوکھر، سینئر صحافی حافظ خلیل احمد اور شہداء کے اہل خانہ نے بھی خطاب کیا اور پولیس شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دریں اثناء یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن اٹک میں شہدائے پولیس کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں اٹک پولیس کے افسران و جوانوں کے علاوہ دعوتِ اسلامی کی فلاحی تنظیم فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔

قرآن خوانی کے اختتام پر شہدائے پولیس کے بلند درجات، ملک کی سلامتی، امن و امان، ترقی و خوشحالی اور پولیس فورس کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

بعد ازاں پولیس لائن اٹک میں شہدائے پولیس کی یاد میں شجرکاری بھی کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں