یومِ استحصالِ کشمیر: پاکستان کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، ہائی کمشنر ٹیپو عثمان



لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر پاکستان برائے برطانیہ ٹیپو عثمان نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی ہمیشہ غیر متزلزل اور غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا۔
سیمینار میں برطانوی پارلیمنٹیرینز لارڈ قربان حسین، بیرونس نوشینہ مبارک، افضل خان ایم پی، عدنان حسین ایم پی، کونسلر یاسمین ڈار، یوکے-پاکستان کشمیری کونسلرز فورم کے چیئرمین لیاقت علی ایم بی ای، جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، پیٹربورو کے سابق ڈپٹی میئر محمد ندیم، سماجی کارکنوں، ادیبوں اور برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے شرکت کی۔
مقررین نے بھارتی حکومت کی جانب سے سات سال قبل آئین کے آرٹیکل 370 کی تنسیخ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام قرار دیا۔
شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے جموں و کشمیر تنازعے کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے کلیدی پالیسی سازوں تک رسائی اور منصفانہ و دیرپا حل کے لیے ایک اسٹریٹجک روڈ میپ تجویز کیا گیا۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے عالمی برادری، بالخصوص برطانیہ، پر زور دیا کہ وہ انصاف کا ساتھ دے اور بھارت پر 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے حقوق اور خصوصی حیثیت کی بحالی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کا احترام کرنے پر بھی زور دیا، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
سیمینار کے دوران صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ شرکاء نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔