یومِ استحصالِ کشمیر: پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں یکجہتی ریلی، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

یومِ استحصالِ کشمیر: پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں یکجہتی ریلی، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

پشاور: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر پوری قوم یک جان ہے۔

گورنر نے کہا کہ 5 اگست 2019 تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی۔ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت میں پوری امتِ مسلمہ متحد ہے اور پاکستانی قوم کشمیر کی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ایک پُرامن ریاست ہے اور عالمی برادری اس کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا ایسا جواب دیا گیا جسے دنیا نے دیکھا۔ پاکستانی فوج نے بھارتی غرور خاک میں ملایا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو دہشت گرد ریاست ثابت کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں اور عالمی برادری نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا۔ خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کے ذمہ دارانہ، متوازن اور امن پسند کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینا ہوگا۔

دریں اثناء ڈی جی اطلاعات انصار خلجی کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی جانب سے بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، جس میں محکمے کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔

ڈی جی اطلاعات انصار خلجی نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں