ٹریکر لگواؤ ورنہ گھر جاؤ؟ بانوے نیوز کے کیمرہ مینوں کے مبینہ احتجاج پر سوالات اٹھ گئے

ٹریکر لگواؤ ورنہ گھر جاؤ؟ بانوے نیوز کے کیمرہ مینوں کے مبینہ احتجاج پر سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد: بانوے نیوز کے بعض کیمرہ مینوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتظامیہ نے انہیں اپنی ذاتی موٹر سائیکلوں پر ٹریکر نصب کرانے کی ہدایت کی، جبکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملازمت سے فارغ کیے جانے کی تنبیہ کی گئی۔

متاثرہ ملازمین کے مطابق چند کیمرہ مینوں نے اس شرط پر اعتراض کیا، جس کے بعد مبینہ طور پر تین ملازمین کے دفاتر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی اور ان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیے گئے، جبکہ ایک ملازم نے انتظامیہ سے بات چیت کے بعد اپنی ملازمت برقرار رکھی۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ فارغ کیے جانے والوں میں ایک ایسا کیمرہ مین بھی شامل ہے جو حادثے کے باعث زیر علاج تھا۔

کیمرہ مینوں کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی ذاتی موٹر سائیکلوں پر روزانہ طویل فاصلے طے کرتے ہیں، دفتر سے کیمرہ وصول کرتے ہیں، مختلف مقامات پر کوریج کے بعد دوبارہ دفتر آکر سامان اور فوٹیج جمع کراتے ہیں۔ ان کے مطابق محدود پٹرول الاؤنس کے باعث ایندھن، موٹر سائیکل کی مرمت اور دیگر اخراجات ان کی ذاتی آمدن پر اضافی بوجھ بنتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس معاملے پر بعض سینئر صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع خوش اسلوبی سے حل ہو سکے۔

نوٹ: اس خبر میں شامل الزامات متعلقہ ملازمین اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعوؤں پر مبنی ہیں۔ بانوے نیوز کی انتظامیہ اور جن افراد کا نام لیا گیا ہے، ان کا مؤقف موصول ہونے پر خبر میں شامل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں