جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد/ٹانک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سیکیورٹی فورسز کی بروقت، بہادرانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو فیصلہ کن کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔

دوسری جانب ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں حملہ آور دہشت گرد مارے گئے۔ واقعے کے بعد مقامی آبادی کی جانب سے دہشت گرد عناصر کے خلاف شدید غم و غصے اور نفرت کا اظہار کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بدامنی اور دہشت گردی سے متاثرہ عوام کا یہ ردعمل امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف واضح پیغام ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں