چیف جسٹس آف پاکستان کا ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر اظہارِ افسوس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کا ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر اظہارِ افسوس

چیف جسٹس آف پاکستان نے مستونگ میں دہشت گرد حملے کے دوران ضلع و سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

چیف جسٹس نے پاکستان کی عدلیہ کی جانب سے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اس ناقابلِ تلافی سانحے پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لشاری اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے شہداء سے اظہارِ عقیدت اور بلوچستان کی ضلعی عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 25 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والی جوڈیشل ویلبیئنگ کانفرنس بھی مؤخر کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عدلیہ بلاخوف و خطر انصاف کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے، تشدد اور دہشت گردی کے واقعات قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ ہر حال میں انصاف کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں