کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس پر مسلح افراد کی فائرنگ، 4 مسافر شہید، 2 زخمی

کوئٹہ: کوئٹہ سے کراچی جانے والی السیف کوچ کمپنی کی بزنس کلاس مسافر بس پر کھڈکوچہ کے مقام پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 مسافر شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

السیف کوچ کمپنی کے ترجمان کے مطابق مسافر بس آج دن ایک بجے کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی، جسے کھڈکوچہ کے مقام پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

شہداء اور زخمیوں کو مستونگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں اور میتوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسی مقام پر آج کوئٹہ سے تربت جانے والی المنیر کوچ کمپنی کی مسافر بس پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 10 مسلح افراد ہلاک کیے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران کوئٹہ سے کراچی کے درمیان قومی شاہراہ قلات، منگچر اور کھڈکوچہ کے علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی، تاہم آخری اطلاعات کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔

علاقے میں صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں