اٹک: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کا دورہ، لیڈیز بار روم اور ڈیجیٹل ای لائبریری کا افتتاح
اٹک: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے اٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلع کچہری میں لیڈیز بار روم اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک میں شہید ذوالفقار اے مرزا ڈیجیٹل ای لائبریری کا افتتاح کیا۔
چیف جسٹس نے سیشن کورٹ سے تحصیل پنڈی گھیب اور حسن ابدال میں لیڈیز بار رومز، فتح جنگ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور حضرو میں جوڈیشل کمپلیکس کا آن لائن افتتاح بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں لیڈیز بار روم کا تصور پہلی مرتبہ پیش کیا گیا ہے۔ خواتین اور مرد وکلا ای لائبریری اور ڈیجیٹل لائبریری سے استفادہ کرکے جدید قانونی تحقیق اور عدالتی مواد تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، جس سے مقدمات کے جلد فیصلوں اور سائلین کو انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں، جن کا مقصد وکلا کے وقار کو بلند کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے سینئر قانون دان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کو وکلا کے لیے رول ماڈل بھی قرار دیا۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک ملک رب نواز حیات بلال نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے اٹک میں نارکوٹکس کورٹ اور مستقل اینٹی کرپشن کورٹ کے قیام، کار پارکنگ کی تعمیر، عدالتی عمارت میں توسیع، سولر سسٹم کی فراہمی اور لاہور ہائی کورٹ میں پشاور ہائی کورٹ کی طرز پر آن لائن مقدمات دائر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے مطالبات پیش کیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عدالتی کمپلیکس میں ججز کے بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ باقی نہیں رہی، جبکہ مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث موجودہ عمارت اپنی گنجائش سے تجاوز کرچکی ہے۔ انہوں نے سابق تحصیلدار کے دفتر کی عمارت کو عدالتی استعمال کے لیے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پیش کیے گئے مطالبات پر غور کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس صداقت علی خان، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ راجہ قمرالزمان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک ملک علی ذوالقرنین اعوان، ایڈیشنل سیشن ججز، سول ججز، بار عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دورے کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا، جبکہ اٹک پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔