کراچی پریس کلب کا سہیل سانگی کے صاحبزادے فیاض احمد کی گمشدگی پر شدید تشویش، فوری بازیابی کا مطالبہ

کراچی: کراچی پریس کلب نے سینئر صحافی اور پریس کلب کے رکن سہیل سانگی کے صاحبزادے، جبکہ رکن ریاض سہیل کے بھائی فیاض احمد کی پراسرار گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے ان کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ فیاض احمد کی گمشدگی کے معاملے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک سرکاری افسر کا دفتر سے نکلنے کے بعد اچانک لاپتہ ہو جانا انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ اگر اس واقعے میں کسی فرد یا گروہ کا ہاتھ ہے تو اسے فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

پریس کلب نے خبردار کیا کہ اگر فیاض احمد کی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی نہ بنائی گئی تو صحافی برادری سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ورثاء کے مطابق فیاض احمد، جو نادرا عائشہ منزل میں افسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، گزشتہ روز شام تقریباً 6 بجے اپنی سفید رنگ کی سوزوکی آلٹو کار میں دفتر سے روانہ ہوئے تھے، جس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا اور اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اہلِ خانہ نے پولیس کو اطلاع دے دی ہے اور حکام سے فوری بازیابی کے لیے ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں