پیمرا کی جانب سے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو سائبر سیکیورٹی اور اپ لنک فریکوئنسی مسائل پر ہنگامی اجلاس میں طلب
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ملک بھر کے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے چیف ایگزیکٹو افسران (CEOs) کو سائبر سیکیورٹی اور سیٹلائٹ اپ لنک فریکوئنسی میں مداخلت (Interference) کے معاملات پر ہنگامی اجلاس میں شرکت کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
2 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق، 30 جون کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے سائبر سیکیورٹی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں تمام لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین ورکنگ دنوں کے اندر سائبر سیکیورٹی سے متعلق جامع روڈ میپ جمع کرائیں۔
پیمرا کے مطابق روڈ میپ میں تھرڈ پارٹی سیکیورٹی آڈٹ، سیکیورٹی آپریشنز سینٹر (SOC/SIEM) کے قیام یا آؤٹ سورسنگ، اور چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر (CISO) کی تقرری کا واضح ٹائم لائن شامل ہونا چاہیے۔ ان اقدامات کی تکمیل کی آخری تاریخ 4 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے دوسرا اجلاس 8 جولائی 2026 کو صبح 11:30 بجے پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں تمام ٹی وی چینلز کے چیف ٹیکنیکل آفیسر (CTO) اور چیف سائبر سیکیورٹی آفیسر (CCSO) کی ذاتی حیثیت میں شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔
پیمرا نے اس اجلاس میں سپارکو، پاک سیٹ انٹرنیشنل اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے ماہرین کو بھی مدعو کیا ہے تاکہ سیٹلائٹ اپ لنک فریکوئنسی میں مداخلت کے مسئلے کا تکنیکی جائزہ لے کر اس کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔
مراسلے کے مطابق یہ اقدامات ملک میں براڈکاسٹنگ نیٹ ورکس کی سائبر سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور نشریاتی نظام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔