پی آئی اے کی 75 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کی خریداری کا منصوبہ، 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 نئے طیاروں کا آرڈر دینے کی تیاری، بیڑے میں 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے شامل کیے جائیں گے، پرانے بوئنگ 777 کی جگہ جدید اور کم ایندھن خرچ کرنے والے جہاز لانے، یورپ و برطانیہ کی پروازیں بڑھانے اور شمالی امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے پر بھی غور، سی ای او پی آئی اے ایڈرین ہملٹن مانز کا ایوی ایشن ویک کو خصوصی انٹرویو۔
اسلام آباد، 29 نومبر: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے اور فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے تاریخ کے سب سے بڑے طیاروں کی خریداری کے منصوبے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 نئے طیاروں کا آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہملٹن مانز نے معروف بین الاقوامی جریدے ایوی ایشن ویک کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے خریدے جائیں گے، جو قومی ایئرلائن کے موجودہ فضائی بیڑے میں نمایاں اضافہ کریں گے۔
سی ای او کے مطابق یہ منصوبہ پی آئی اے کی 75 سالہ تاریخ میں طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا پروگرام ہوگا، جس کا مقصد فضائی بیڑے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، آپریشنل استعداد بڑھانا اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
نئے طیاروں کی شمولیت سے پرانے بوئنگ 777 جہازوں کو جدید، زیادہ مؤثر اور ایندھن کی بچت کرنے والے طیاروں سے تبدیل کیا جائے گا، جبکہ نئے جہاز جدید ٹیکنالوجی، بہتر کیبن ڈیزائن اور مسافروں کے آرام کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔
ایڈرین ہملٹن مانز کا کہنا تھا کہ طیاروں کے حصول کے لیے براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی فنانسنگ سمیت مختلف طریقوں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ پی آئی اے اپنی مالی استعداد کے مطابق فضائی بیڑے میں توسیع کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کے انجینئرنگ شعبے کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے، جبکہ نئے جہازوں کے آپریشن کے لیے انجینئرز اور فضائی عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
پی آئی اے اپنے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، شمالی امریکہ کے روٹس پر براہ راست پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، جبکہ چین اور مشرق بعید کے متعدد نئے مقامات کے لیے بھی فضائی رابطے قائم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
سی ای او کے مطابق پی آئی اے کا مقصد جدید طیاروں اور وسیع فضائی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنا، بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانا اور مسافروں کو معیاری فضائی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔