مولانا فضل الرحمن کا پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب، شفاف انتخابات کا مطالبہ، گورنر راج کی دھمکی اور جعلی اسمبلیوں پر کڑی تنقید
مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات ہیں، موجودہ ڈمی اسمبلیاں عوام کی خدمت نہیں بلکہ طاقتور طبقے کی خدمت کر سکتی ہیں۔ سیاستدانوں کو ہر ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے، حالانکہ سیاستدان ایسے گھوڑے پر سوار ہوتے ہیں جن کی باگیں کسی اور کے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے قائد جمعیت نے کہا کہ یہ ملک کے دانشور طبقے کا اجتماع ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ وکلا موجود ہیں، وہ ملک کی سیاسی صورتحال اور بنیادی تقاضوں پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مقصد وجود کی تین مختلف تشریحات کی جاتی ہیں، مذہبی طبقہ پاکستان کو اسلامی مملکت بنانے کا مقصد بیان کرتا ہے، ایک طبقہ معاشی آزادی کو قیام پاکستان کی وجہ قرار دیتا ہے جبکہ سیاسی طبقے کا خیال ہے کہ پاکستان جمہوریت کے فروغ کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن 80 سال گزرنے کے باوجود تینوں طبقوں کے پاس مایوسی کے سوا کچھ نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم تو آج تک آئین بھی حاصل نہ کر سکے، 1973 میں جا کر ملک کو آئین ملا، جس میں قرار دیا گیا کہ قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا اور اسلامی اصولوں کے مطابق نظام قائم ہوگا۔ مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتفاق پیدا کرنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل تشکیل دی گئی، لیکن کونسل کی سفارشات پر آج تک مؤثر قانون سازی نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں یہ طے کیا گیا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کی جائیں گی، لیکن تین سال گزرنے کے باوجود ایک سفارش بھی ایوان میں بحث کے لیے پیش نہیں کی گئی، سفارشات معلوم نہیں کس کمرے میں جا کر دفن ہو جاتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 1970 میں پہلی مرتبہ ایسا انتخاب ہوا جس کے بارے میں تاثر تھا کہ وہ کسی کی منشا اور دباؤ کے بغیر منعقد ہوا، تاہم اس انتخاب کی مخالفت کی گئی اور تلخیاں پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں دسمبر 1971 میں ملک دولخت ہوگیا۔
انہوں نے ملکی معیشت کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 80 سال بعد ہماری معیشت کہاں کھڑی ہے، درآمدات اور برآمدات کی پوزیشن کیا ہے، جی ڈی پی کہاں ہے، روپے کی قدر اور مہنگائی کی شرح کیا ہے، اپنے خطے کے ممالک سے موازنہ کریں تو معلوم ہوگا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ معاشی آزادی کے خواب دیکھنے والوں کے لیے آج مایوسی کے سوا کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں حکومتیں بنانے اور گرانے میں عوام کا اختیار نہیں رہا، سیاستدانوں پر ساری ذمہ داری ڈال دی جاتی ہے لیکن سیاستدانوں کی باگیں ان کے اپنے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، اپنے مفادات کے حصول کے لیے جعلی اسمبلیاں بنائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوج کے خلاف نہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے اور ہم اسے دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، قوم کے مقابلے میں نہیں۔ آج بلاول بھٹو زرداری کی آواز بھی وہی بات کر رہی ہے جو ہم پہلے کرتے رہے ہیں، اب تو ان کے اپنے گھر سے گواہی آگئی ہے، گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے۔
مولانا فضل الرحمن نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم صوبوں کے حقوق کی طویل جدوجہد کرتے رہے ہیں، ماضی میں چار صوبوں کو ایک صوبہ بنایا گیا اور آج وہی لوگ صوبوں کو تقسیم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ جب بعض علاقوں سے نئے صوبوں کے مطالبات اٹھے تو انہیں غدار قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں کی جا رہی ہیں، اگر دہشتگردی گورنر راج اور ایمرجنسی کی وجہ ہے تو بلوچستان کے حالات بھی دیکھے جائیں۔ بلوچستان میں معدنی ذخائر سے متعلق بل منظور ہوا تو وہاں گورنر راج نہیں لگایا گیا جبکہ خیبرپختونخوا میں اس معاملے پر بل منظور نہیں ہوا۔
مولانا فضل الرحمن نے قبائلی علاقوں کی صورتحال پر کہا کہ ہمارے قبائلی علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کو کرفیو ہوتا ہے، سوال یہ ہے کہ کیا باقی دنوں میں دہشتگردی نہیں ہوتی؟ ان دو دنوں میں ہمارے قیمتی اثاثے وہاں سے نکالے جاتے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اگر مکمل امن و امان ہے تو اسی لیے ہماری سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، یہ سب تضادات ہیں اور اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں اور صوبائی اختیارات کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کوشش
مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اپنی مداخلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمرے سے واپسی پر پی ٹی آئی کا وفد ان سے ملا، اس وقت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع ہو چکا تھا اور حکومتی وفد نے بھی مداخلت کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کھانے پر دعوت دی گئی تو میں نے واضح کیا کہ اپنی ٹیم کے ساتھ آؤں گا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے، ان کا مؤقف بھی سمجھا اور ایک راستہ نکلا، امید پیدا ہوئی۔ پی ٹی آئی کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا تو انہوں نے مطالبات تسلیم ہونے کی صورت میں لانگ مارچ ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ صبح نماز کے وقت وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات کی، بات چیت ہوئی اور امید لے کر واپس آیا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ کابینہ نے اس پیش رفت کی منظوری نہیں دی اور گورنر راج لگانے پر اصرار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایسی کابینہ کے پاس کیا اختیار ہے جو گورنر راج لگانے کا فیصلہ کرتی ہے؟ لکڑیوں کے سہارے چلنے والی حکومت میں اتنی ہمت ہے؟ ایسی بے بس حکومت کیا کرے گی جو اپنی کمٹمنٹ کے باوجود اپنی بات منوا نہ سکے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی بات کر رہے ہیں اور پنجاب میں ان کے لوگوں کو بھی رہا کروا رہے ہیں، اگر پہلے یہ اقدامات کیے جاتے تو کشیدگی اتنی نہ بڑھتی۔ معدنیات سے متعلق تقریب بھی پہلے منعقد کی جاتی تو معاملات یہاں تک نہ پہنچتے۔
انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حکومتی بیانیے کے خلاف بات کرتے ہیں، ان کے خلاف فائلیں کھولنے کی بات کی جاتی ہے۔ ہماری بھی فائلیں کھولی گئیں تو اس میں ایک جنریٹر ملا۔ ہماری جوانی جدوجہد میں گزری ہے، اس عمر میں جیل بھیجنا چاہتے ہیں تو ہم آرام کر لیں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے آخر میں مطالبہ کیا کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں، عوام کے حقیقی نمائندوں پر مشتمل اسمبلیاں تشکیل دی جائیں کیونکہ ڈمی اسمبلیاں عوام کی خدمت نہیں کر سکتیں، ایسی اسمبلیاں صرف طاقتوروں کی خدمت کرتی ہیں۔