بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو پاکستانی ویزے جاری، حسن ابدال میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن نیو دہلی کی جانب سے تقریباً 3 ہزار یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ بھارتی سکھ یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا، بعدازاں خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے۔
23 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے جبکہ 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔
25 نومبر کو یاتری گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی زیارت کے بعد حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 26 نومبر کو بھی یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 27 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور نارووال جائیں گے اور رات نارووال میں قیام کریں گے۔
28 نومبر کو نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کے مقام پر کبڈی میچ منعقد ہوگا، جس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 29 اور 30 نومبر کو لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کے بعد یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مطابق یاتریوں کی آمدورفت کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے، جس کا کرایہ یاتری خود ادا کریں گے، تاہم رہائش، کھانا اور طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بابا گرو نانک کے جنم دن پر 3 ہزار بھارتی یاتری پاکستان آ سکتے ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق 3 ہزار سے زائد یاتری پاکستان آنے کے خواہشمند تھے لیکن بھارتی حکومت کی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان نہیں آ سکیں گے۔ گزشتہ سال پاکستان نے 2400 ویزے جاری کیے تھے، جن میں سے 1932 یاتری پاکستان آئے تھے جبکہ تقریباً 300 یاتریوں کو بھارتی حکومت نے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
دوسری جانب کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا اور بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران داخلی و خارجی راستوں، نگرانی کے نظام اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ، ڈی پی او علی بن طارق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے جبکہ امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔