11 ویں ایونیو کی تعمیر کے لیے جی ٹین کا ہفتہ وار بازار اور ویمن بازار مستقل بند کرنے کا حکم، ہزاروں شہریوں اور دکانداروں کا مستقبل غیر یقینی
اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے سیکٹر جی ٹین میں قائم ہفتہ وار اتوار بازار اور ویمن بازار مستقل طور پر بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ بازاروں کی بندش کا فیصلہ 11 ویں ایونیو کی تعمیر کے منصوبے کے باعث کیا گیا ہے، جس کے بعد اس مقام پر قائم عارضی بازار ختم کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) کی جانب سے 3 نومبر 2026 کو جاری کردہ آفس آرڈر کے مطابق، ستمبر 2026 میں ہونے والے سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 11 ویں ایونیو کی تعمیر کی منظوری کے بعد جی ٹین رائٹ آف وے پر قائم عارضی بازاروں کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ڈائریکٹر ڈی ایم اے محمد طارق لطیف کے دستخط سے جاری ہونے والے حکم نامے میں ڈپٹی ڈائریکٹر بازار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بازار کو ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اے ڈی انفورسمنٹ / امپلیمنٹیشن کو مجاز اتھارٹی کی ہدایت کے مطابق بازاروں کے عارضی اسٹرکچر ہٹانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ یہ حکم چیف آفیسر ایم سی آئی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
جی ٹین کا ہفتہ وار بازار اور ویمن بازار اسلام آباد کے مصروف ترین بازاروں میں شمار ہوتے تھے، جہاں ہر اتوار ہزاروں شہری سستی اشیائے ضروریہ اور گھریلو استعمال کی مختلف اشیاء خریدنے آتے تھے۔ ان بازاروں کی بندش سے نہ صرف شہریوں کو سستی خریداری کی سہولت سے محروم ہونا پڑے گا بلکہ سیکڑوں دکانداروں اور اسٹال ہولڈرز کا روزگار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب متاثرہ دکانداروں اور اسٹال ہولڈرز کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں اور متاثرہ تاجروں کی نظریں اب انتظامیہ پر لگی ہیں کہ آیا انہیں متبادل بازار یا کاروبار جاری رکھنے کے لیے کوئی دوسری جگہ فراہم کی جائے گی یا نہیں۔