ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی، ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں، ایرانی سفیر

ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی، ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں، ایرانی سفیر

پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے پاکستان کے لیے ایرانی سرحدیں بند ہونے سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی برآمد پر فی الحال کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی اور ایران کی تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں۔

ایرانی سفیر کے مطابق موجودہ حالات میں ایران کی جانب سے اپنے قریبی ہمسایہ ممالک، بالخصوص برادر ملک پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنا نہ تو منطقی ہے اور نہ ہی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایران سے درآمدات کے لیے ای فارم (E-Form) کے طریقہ کار پر عمل درآمد میں تبدیلیوں کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے کہ تاجروں کے لیے ایران سے پاکستان سامان روانہ کرنا عملاً ناممکن ہوگیا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

ایرانی سفیر نے مزید بتایا کہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی لے جانے والے کئی سو ٹرک ایران کے رمدان بارڈر سے پاکستان کے گبد علاقے میں داخل ہوچکے ہیں، تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان ٹرکوں سے سامان اتارا گیا ہے اور نہ ہی انہیں کلیئر کیا جا سکا ہے، جس سے تجارتی سرگرمیاں اور سامان کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحد پار تجارت دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح پر طے پانے والی مفاہمت اور دوطرفہ معاہدوں کا اہم حصہ ہے، جو دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران نے دوطرفہ تجارت کو آسان بنانے اور فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور آئندہ بھی پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے موجودہ مشکلات دور کرنے، سامان کی ترسیل بحال رکھنے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں