وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم
پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، امیر مقام اور رانا ثناء اللہ سمیت اعلیٰ عسکری قیادت، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کور کمانڈر پشاور اور متعلقہ صوبائی حکام شریک ہیں۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کے خلاف جاری اقدامات اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ صوبے میں ترقیاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا اور مسلح افواج، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارے جوانوں اور افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا پولیس، سیف سٹیز منصوبوں اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔