ترکی، قطر، پاکستان اور انڈونیشیا کا دفاعی صنعت میں تعاون کے معاہدے پر دستخط
ترکی، قطر، پاکستان اور انڈونیشیا نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دفاعی صنعت میں تعاون کے لیے ’بدر‘ (Badr) کے نام سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
معاہدے پر چاروں ممالک کے وزرائے دفاع نے دستخط کیے، جس کا مقصد دفاعی شعبے میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینا اور موجودہ دوطرفہ منصوبوں کو ایک کثیرالجہتی صنعتی ڈھانچے میں تبدیل کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت چاروں ممالک دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار، تحقیق و ترقی اور تکنیکی و عسکری تربیت کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ اس شراکت داری میں ہر ملک اپنی دفاعی صنعت، تکنیکی مہارت اور عسکری پیداواری صلاحیت کے مطابق کردار ادا کرے گا۔
اس معاہدے کو چاروں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ پیداواری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔