ملتان میں 15 سالہ لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، یتیم خانے کی رجسٹریشن درخواست مسترد
ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ لڑکے کو گاڑی تلے کچلنے کے افسوسناک واقعے میں گرفتار ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھا، تاہم وہ مبینہ طور پر پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا۔ بعدازاں اسے سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب واقعے میں اہم انتظامی پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکے کو ایک غیر رجسٹرڈ یتیم خانے کی انتظامیہ نے الیکٹریشن کے پاس کام کے لیے بھیجا تھا، جہاں پیش آنے والے واقعے میں وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
سارہ احمد کا کہنا ہے کہ یتیم خانے کی انتظامیہ نے رجسٹریشن کے لیے درخواست جمع کرائی تھی، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے درخواست مسترد کردی۔ ان کے مطابق یتیم خانے کی انتظامیہ نے بچے کو کام پر بھیج کر انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا۔
واقعے نے یتیم بچوں کی دیکھ بھال، غیر رجسٹرڈ اداروں کی نگرانی اور کم عمر بچوں سے کام لینے کے خلاف حکومتی اقدامات پر اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔